دہرادون، 8 ؍جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )مختلف انتخابی سروے میں 15؍فروری کو ہونے جا رہے اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں پچھڑنے کا اشارہ ملنے کے بعد کانگریس نے اب انتخابی حکمت عملی ساز پرشانت کشور کا سہارا لیا ہے۔اس سلسلے میں، انتخابی حکمت عملی طے کرنے کو لے کراتراکھنڈریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر کشور اپادھیائے اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے مقرر انتخابی حکمت عملی سازپرشانت کشور کے درمیان ایک میٹنگ بھی ہو چکی ہے۔اپادھیائے نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ نوجوانوں کے ساتھ تال میل کے لیے انہوں نے کانگریس کے ریاستی نائب صدر جوت سنگھ بشٹ کی قیادت میں پارٹی کے رساستی سکریٹری ونودچوہان کو ذمہ داری سونپی ہے۔ریاستی صدر نے کہا کہ کانگریس اسمبلی انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے اور دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے پارٹی پوری طرح لگی ہوئی ہے۔مختلف اخبارات اور نیوز چینلوں کی طرف سے کرائے گئے انتخابی سروے میں کانگریس کو پچھڑتے اور اہم اپوزیشن بی جے پی کو حکومت بنانے کی پوزیشن میں دکھائے جانے سے پارٹی لیڈرفکرمند ہو گئے ہیں اور پرشانت کشور کی خدمات لینے کو اس صورت حال کو تبدیل کرنے کی کوشش کی سمت میں ایک قدم تصور کیا جا رہا ہے۔اپادھیائے نے بھی کہا کہ پی کے کے ساتھ جڑنے سے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کو اور رفتار ملے گی،حالانکہ انہوں نے صاف کیا کہ کشور کی طرف سے اس سلسلے میں دی گئیں خدمات مکمل طور پر رضاکارانہ ہیں۔ایک اورسوال کے جواب میں کانگریس کے ریاستی صدر نے بتایاکہ 70اسمبلی سیٹوں میں سے تقریبا 63پر امیدواروں کے ناموں پر اتفاق ہو چکا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی میں ہونے والی پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کے اجلاس سے منظوری ملنے کے بعد ہی امیدواروں کی حتمی فہرست تیار ہوگی۔